اللہ
تعالی کا شکر ہے کہ آپ حضرات کی دعاؤں سے یہ شمارہ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ رحمتہ
اللعالمین حضور علیہ الصلوٰۃ والسّلام کے مشن اور وارث انبیاء علمائے حق اولیاء
اللہ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے اپنے
طور پر جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا وہ ثمر
آور ثابت ہورہی ہے۔ کمر توڑ مہنگائی اور مالی وسائل کی کمی کے باوجود ، روحانی ڈائجسٹ کی پابندی سے اشاعت محض اللہ
تعالی کا فضل اور انعام ہے۔ گرانی کا یہ عالم ہے کہ نومبر میں جس کاغذ کی قیمت چار سو اسی روپے تھی اب وہی کاغذ سات سو روپے فی رم ہوگیا ہے۔ بہر حال اللہ اور اس کے رسولﷺ کی محبت میں ایثار کرنے والے اور اولیاء اللہ
کے عقید تمندوں کا تعاون میرے شامل حال رہا تو انشاءاللہ روحانی ڈائجسٹ کے ذریعہ خدمتِ خلق کا یہ پروگرام جاری و ساری رہے گا۔
عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک و مسعود موقع کی مناسبت سے فخر کائنات حضور علیہ الصلوٰۃ والسّلام کی سیرت پاک سے متعلق ایسے
گوشے اجا گر کئے گئے ہیں جن سے استفادہ کرکے ہم صراطِ مستقیم پر گامزن
ہو سکتے ہیں۔ اور مصلحتوں کے ان دبیز پردوں سے ، جو روحانی علوم سے ناواقفیت کی
بنا پر ہمارے اُوپر ڈال دیئے گئے ہیں ہم خود کو آزاد کرسکتے ہیں۔
روحانی
ڈائجسٹ نوجوان نسل میں ایسی طرز فکر پیدا کرنا چاہتا ہے جس کے ذریعہ ہم اپنی روح
اور روحانی صلاحیتوں سے باخبر ہوجائیں۔ وہ
روح جس کے بارے میں اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا ہے۔ "انسان نا قابل تذکرہ شے
تھا پس ہم نے اس کے اندر اپنی روح ڈال دی۔روح
کیا ہے؟ روح امر رب ہے اور امر رب یہ ہے
کہ جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو کہتا ہے کُن اور وہ ارادہ فیکون بن کر مظہر
بن جاتا ہے۔ "
مارچ کے روحانی ڈائجسٹ میں اولیاء اللہ کے سردار غوث الاعظم حضرت شیخ محی الدّین
عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کی سوانح، ان کی تعلیمات اور مسلمانوں کی دینی
اور دنیاوی فلاح و بہبود کے لئے ان کا دیا ہوا پروگرام پیش کیا جائے گا۔ اس کے
علاوہ ہم نے اپنے قارئین کے گراں قدر مشوروں سے ایسے دل چسپ اور فکر انگیز اضافے
کئے ہیں جن کو پڑھ کر آپ اس طرز فکر سے آشنا ہوجائیں گے جس کو اللہ تعالی نے دین
حنیف فرمایا ہے اور فی الارض خلیفہ کی حیثیت
سے ہمارا روحانی ورثہ ہے۔
درخواست
ہے کہ آپ حضور اکرم ﷺ اور علمائے حق اولیاء اللہ کے اس مشن کی ترقی اور فروغ کے
لئے دعا کریں اور اپنے حلقۂ احباب میں
روحانی ڈائجسٹ کی نور سے مرکب تحریروں کو زیادہ سے زیادہ متعارف کرائیں اور انہیں
آمادہ کریں کہ وہ اس تبلیغی مشن کو کامیاب بنانے کے لئے ہمارے ساتھ ہر قسم کا
تعاون کریں۔ اللہ تعالی آپ سب کو جزائے خیر دے۔آمین۔
دعاگو
خواجہ شمس الدّین عظیمی

0 تبصرے