آواز دوست دسمبر 1978


اللہ کا شکر ہے  کہ اس نے آپ کی دعاؤں او ر ہماری کوششوں کو شرف قبولیت بخشا اور ایسے حالات پیدا کر دیئے کہ ہم آپ کی خدمت میں سماوی علوم پر مشتمل ایک دستاویز "روحانی ڈائجسٹ "کے نام سے پیش کررہے ہیں۔
 روحانیت کیا ہے؟ یہ ایک ایسا معمّہ ہے  جس کو جتنا زیادہ سمجھانے اور سمجھنے کی سعی لاحاصل کی گئی یہ مزید الجھتا چلا گیا۔ جو حضرات اس علم کو واقعتاً چاہتے تھے  انہوں نے اس کو ا س لئے ظاہر نہیں کیا  کہ یہ علم لوگوں کی فہم و فراست سے ماوراء ہے  یا پھر اپنے حلقے میں مخصوص لوگوں کے لئے محفوظ کردیا  تاکہ کوئی غیر روحانی آدمی  ان رموز کو نہ پڑھ سکے۔ لیکن اللہ تعالی کی طرف سے ہر بات کے فاش ہونے کا ایک وقت مقرر ہے، جب یہ وقت آتا ہے ، اس وقت وہ سب چیزیں پردۂ عام پر آجاتی ہیں جو غیب میں چھپی ہوئی ہیں۔
 یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ سائنس کی نت نئی ایجادات نے  شعور کو اس حد تک بالغ کردیا ہے  کہ وہ باتیں جو پہلے سمجھ میں نہیں آتی تھیں  یا شعورِ انسانی ان پر یقین کرنے پر آمادہ نہیں ہوتا تھا  لاسلکی نظام کے اس دور میں  آسانی کے ساتھ ذہن نشین ہوجاتی ہیں۔ صفحات کے لحاظ سے مختصر اور مضامین کے اعتبار سے مکمل، ہم اس رسالہ میں ایسے علوم پیش کرنے کا آغاز کررہے ہیں جو اب تک عوام الناس کے سامنے نہیں آئے اور فی الواقع نوعِ انسانی کو جن کی ضرورت ہے۔
منشاء یہ ہے کہ لوگوں کو ان کی اندرونی صلاحیتوں کے آگاہ کیا جائے  اور یہ بتایا جائے کہ ذہنِ انسانی آج جن مصائب و آلام، دماغی خلفشار، بے سکونی، اضطراب اور عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے دراصل اس کی وجہ روح اور اپنی ذات سے بیگانگی اور نا واقفیت ہے۔ روح سے واقف کوئی فرد ، اللہ کا دوست ہوتا ہے اور اللہ کے دوست کے لئے خوف ہوتا ہے اور نہ غم۔ اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚ
 روحانی ڈائجسٹ کا یہ شمارہ آپ کے سامنے ہے اس میں ہم نے اللہ کے نور سے مرکّب تحریریں جمع کی ہیں۔ اس مقصد میں ہم کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں، یہ بات آپ ہمیں بتائیں گے۔ آپ کے اس منفرد ماہنامہ میں اور کیا کیا تبدیلیاں ہونی چاہیئں اس سلسلے میں بھی ہم آپ کے مشوروں کے منتظر ہیں۔  رسالہ کے صفحات دوسرے ڈائجسٹوں کے مقابلے میں کم ہیں۔ وجہ ہمارے مالی وسائل میں کمی ہے۔ جیسے جیسے آپ کا مزید تعاون بڑھے گا ہم صفحات اور ان کی تزئین میں اضافہ کرتے رہیں گے۔
درخواست ہے کہ آپ اس روحانی مشن کی کامیابی کے لئے  بارگاہِ رب العزت میں حضوری قلب سے دعا کریں اور خدمت خلق کے اس پروگرام کو لوگوں تک پہنچائیں۔
دعاگو
خواجہ شمس الدّین عظیمی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے